News - Faisalabad Development Authority

Tel No. +92419200088-89

News

ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ

فیصل آباد (12 اپریل 2025) صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سلطان باجوہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے قیادت میں موجودہ پنجاب حکومت نے ہمہ جہت شہری ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے اس سلسلے میں مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ دیرپا بنیادوں ترقیاتی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاہم ترقیاتی اداروں کو چاہئے کہ وہ مربوط حکمت عملی کے تحت ترقیاتی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کر کے ان ثمرات عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دورہ کے دوران ایف ڈی اے کمپلیکس میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے لی جانیوالی بریفنگ کے موقع پر کہی۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری اور ڈی ایم ڈی واسا شعیب رشید نے شہری ترقی اور سینیٹشن کے حوالے سے جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ چیف انجینئر مہرایوب ، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈی ایم ڈی انجینئرنگ ثاقب رضا و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کی پالیسیوں اور ترقیاتی پروگرامز کے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے ادارہ جاتی اصلاحات جاری ہیں اور سودمند پالیسوں و قانون سازی کے ذریعے سرکاری محکموں/ اداروں کو ایسا مضبوط و مستحکم انتظامی نظام فراہم کرینگے کہ پائیدار بنیادوں کے تحت علاقائی و شہری ترقی کی رفتار مزید تیز ہو۔ انہوں نے ایف ڈی اے کی زیر نگرانی مکمل ہونیوالے ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور کہا کہ ترقیاتی پروگرامز پر عملدرآمد میں بعض دکاوٹوں و انتظامی سقم کو دور کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے ٹیپا کو فعال بنانے کی راہ میں حائل مسائل و درکار وسائل کی فراہمی کے حوالے سے ضروری امور کے بارے میں حکومت پنجاب کو آگاہ کرنے کا یقین دلایا۔ڈی جی ایف ڈی اے نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ایف ڈی اے کو تفویض کی جانیوالی مختلف علاقوں میں گلیوں و سٹرکوں کی تعمیر کی 37میں 24 سکیمیں مکمل کر لی گئی ہیں جن پر چالیس کروڑ کی بجائے بچت کر کے 32کروڑ بیس لاکھ رروپے کے فنڈز خرچ کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے پل نشاط آباد سے گٹ والا تک دو رویہ شاہراہ، موجودہ جھال پل سے سلیمی چوک تک فلائی اوور کی ضرورت، ٹرک سٹینڈ جھنگ روڈ کی تعمیر و بحالی، ڈھڈی والا راجباہ کے ساتھ جڑانوالہ روڈ سے ستیانہ روڈ، مسنگ لنک ڈھڈی والا راجباہ روڈ جڑانوالہ سے شیخوپورہ روڈ اور سارنگ والا راجباہ کے ساتھ ملت روڈ سے سمانہ تک سٹرک کی تعمیر سمیت شہر میں کئی سٹرکوں کی توسیع و بحالی کے مجوزہ منصوبوں اور بلڈنگ کنٹرول، محکمہ ریونیو ودیگر محکموں سے این او سی کے اجراء کے بارے میں بعض مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر واسا شعیب رشید اور ثاقب رضا نے واسا کے جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی اور کہا کہ حکومت پنجاب کے سیوریج سسٹم پیکیج کے تحت دس میں سے آٹھ سکیموں کے ٹینڈرز جاری ہو چکے ہیں جن سے نہ صرف موجودہ سیوریج سسٹم بہتر ہوگا بلکہ شہر کا 72 فیصد حصہ سیوریج نیٹ ورک میں آ جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پندرہ ارب 68کروڑ روپے کی لاگت سے جھنگ روڈ سے ڈجکوٹ ڈرین، سیف آباد، دائود چوک ڈسپوزل سے فش فارم ستیانہ روڈ، گٹی، اسلم پارک، عدنان ٹائون، بھاگیوال روڈ، اظہر ٹائون ، سفیان ٹائون ،جواد کلب چوک سے چکیرہ ڈسپوزل اسٹیشن، پمنگ اسٹیشن نمبر 34 اور 36کی اپ گریڈیشن اور سیوریج پائپ لائن بچھانے کی پانچ بڑی سکیمیں بھی مکمل کی جائینگی ۔ انہوں نے بتایا کہ جائیکا کی فنڈنگ سے عبداللہ پور کے قریب واٹر سپلائی کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے ۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے شہری بہبود کے لئے سینٹیشن کے شعبے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے ہدایت کی کہ سیوریج سسٹم اور واٹر سپلائی کے منصوبوں کو ہمہ وقت فعال رکھا جائے اور شہریوں کی شکایات دور کرنے میں تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ بعدازاں صوبائی پارلیمانی سیکرٹری سلطان باجوہ نے جائیکا کے تحت مکمل ہونیوالے  واٹر سپلائی کے منصوبے کا معائنہ کیا۔

Explore Us